مظفرآباد،5رکنی ڈکیت گروہ گرفتار،18موٹرسائیکل برآمد
مظفرآباد(وقائع نگار) سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع مظفرآباد راجہ محمد اکمل خان اور سپرنٹنڈنٹ پولیس صدر مقام مظفرآباد آصف درانی نے اپنے آفس چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد پولیس اور مختلف تھانوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ضلع مظفرآباد کی حدود سے مختلف اوقات کار میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں ہونے پرملزمان کی گرفتاری اور موٹر سائیکلز کی برآمدگی کے سلسلہ میں ایس ایچ اوز چوکی افیسر ان ضلع ہذا کو مؤثر چیکنگ وپڑتال کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہدایات دی گئیں۔وحید علی گیلانی ڈی ایس پی صدر مقام مظفرآباد کی نگرانی میں ازاد حسین شاہ ایس ایچ او تھانہ پولیس چھتر کلاس ، شوکت جمیل چوکی افیسر کوہالہ، امتیاز احمد ، طاہر محمود تفتیشی افیسران ، وکالت حسین ، محمد نسیم کنسٹیبلان پر مشتمل سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی۔تشکیل شدہ ٹیم نے انتہائی محنت ، لگن ، جانفشانی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی حکمت عملی سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے 05رکنی گروہ راجہ نبیل ولد راجہ شبیر سکنہ ضامن اباد ،سہیل احمد ولد غفور سکنہ شاہدرہ ،محمد ارشد ولد محمد خورشید سکنہ برسالہ ،عقیل احمد ولد سعید الرحمان سکنہ ضامن اباد ،جنید ولد عبد القادر سکنہ ضامن اباد کو گرفتار کرتے ہوئے ملزمان کی نشاندہی پر ضلع مظفراباد کے مختلف مقامات سے چوری ہونے والے 18عدد موٹر سائیکلز جنکی مالیت مبلغ20لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے برامد کئے، دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ حدود تھانہ پولیس چھتر کلاس کے علاوہ تھانہ پولیس سٹی ، سول سیکرٹریٹ ، گڑھی دوپٹہ کی حدود سے بھی موٹر سائیکل چوری کئے ہیں۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ سڑک پر کھڑے ایسے موٹر سائیکل جو لاک کے بغیر ، غیر محفوظ حالت میں ویران جگہ پر کھڑے ہوتے تھے چوری کرکے مظفراباد شہر سے باہر مختلف مقامات پر فروخت کرتے تھے۔جن سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ پریس بریفنگ کے موقع پر ڈی ایس پی سٹی ریاض مغل ' ایس ایچ او تھانہ سٹی راشد حبیب بھی موجود تھے۔
