پی پی نے تقسیم کشمیر سازش ناکام بنا کر نواز مودی گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا،لطیف اکبر

گجرانوالہ(بیورورپورٹ)پیپلزپارٹی نے تقسیم کشمیر کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا کر نواز مودی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے کیلیے پانچ فروری کو لاہور میں تاریخ ساز جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔جس میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری عوام شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر سینئرنائب صدر چودھری پرویز اشرف اور مرکزی نائب صدر مطلوب انقلابی نے گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں مختلف مقامات پر استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ پانچ فروری کو لاہور کے موچی گیٹ میں ہونے والے جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری مہاجرین شرکت کریں گے ۔اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کی دوستی میں کشمیر کے مسئلہ کو پس پشت ڈال دیا تھا جسکی وجہ سے تحریک آزادی کشمیر کو بہت نقصان ہوا پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے کے لیے پانچ فروری کو لاہور کے موچی گیٹ  پربڑا جلسہ عام منعقد کر رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور انشااللہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہی کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔ پیپلزپارٹی  نے ہر دور میں مسئلہ کشمیر کے خلاف کی جائے والی سازشوں کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی تقسیم کشمیر کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا ئے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر یگی ۔وفاق اور چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کی حکومتیں قائم ہونگی پیپلزپارٹی کو کمزور سمجھنے والے آج دیکھ لیں کہ کس طرح عوام جوق در جوق پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیراعظم ہو ںگے ،جو اس ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر قابو پا کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بناہیں گے۔