بلدیاتی الیکشن کا شیڈول دینے کیلئے حکومت کو 22فروری تک مہلت

مظفرآباد(وقائع)حکومت آزادکشمیر نے عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیر کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 22فروری تک پیش کرنے کی یقین دہانی کروادی۔عدالت العالیہ میں جاری بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے توہین عدالت کیس میں مہلت طلب کرلی۔ایڈووکیٹ جنرل رضا علی خان نے جمعہ کے روز چیف جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی کے استفسار پر بتایا کہ چونکہ معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا ہے اس لیے سپریم کورٹ کے فیصلے تک ہمیں مہلت دی جائے۔عدالت نے سپریم کورٹ کی تاریخ کو مدنظر رکھ کر حکومتی استدعا منظور کرتے ہوئے اگلی تاریخ 22فروری مقرر کردی۔کیس کے فریقین میں حکومت آزادکشمیر ،محکمہ لوکل گورنمنٹ آزادکشمیر اور معروف قانون دان راجہ سجادخان شامل ہیں۔یاد رہے کہ عدالت العالیہ نے گزشتہ ماہ ایڈمنسٹریٹروں کی تقرری کو کالعدم قراردیا تھا اور حکم جاری کیا تھا کہ فوری طورپر بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔عدالت میں حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز ہوا ہی تھا کہ حکومت بذریعہ فارغ شدہ ایڈمنسٹریٹرز سپریم کورٹ پہنچ گئی جہاں سے حکم امتناعی حاصل کرلیا گیا۔سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹریٹرز کی فراغت کا حکم نامہ عارضی طورپر معطل کرتے ہوئے فریقین کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔جمعہ کے روز ایڈووکیٹ جنرل رضا علی خان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ 22فروری تک بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔حکومتی یقین دہانی کے بعد عدالت العالیہ نے معاملہ 22فروری تک موقوف کردیا ہے۔