مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج نے نہر میں زہرڈال دیا،شہریوں میں شدید خوف و ہراس
سرینگر(کے ایم ایس )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے نوگام میں ایک نہر میں زہریلا کیمیکل ملا دیا جس کے باعث ہزاروں ٹرائوٹ مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نہر میں زہر ملانے اور بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کی خبر پھلنے کے بعدعلاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور انتظامیہ کونہر کا پانی روکنا پڑا۔ مقامی لوگوں نے قابض بھارتی فوج کی مذموم حرکت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے نہر کے پانی میں دانستہ طور پر زہر ملایا۔
انہوںنے کہا یہ زہریلا مواد نوگام میں قائم فوجی کیمپ کے اہلکاروں نے نہر میں ملایا اور جب یہ زہریلا پانی درجنوں دیہات میں پہنچا تو اسکا رنگ اس قدر خراب تھا کہ لوگ اسے استعمال کرنے سے ڈر گئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی اطلاع فوری طو ر پر انتظامیہ کو دی گئی جس پر محکمہ آب رسانی نے پانی کی سپلائی روک دی ۔ادھر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کپواڑہ شوکت احمد نے بتا یا کہ فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کوئی زہریلاکیمیکل نادانستہ طورپر پانی کے ساتھ مل گیا تھا۔ شوکت احمد نے کہا کہ فوج نے اس پر معذرت کر لی ہے۔
