نواز شریف کی آمد،استقبال کی تیاریاں عروج پر،خصوصی ٹریفک پلان جاری
مظفرآباد(وقائع نگار) قائد مسلم لیگ ن میاں محمدنواز شریف کے استقبال کی تیاریاں عروج پر، مظفرآباد شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا،ن لیگ کے کارکنان کا جوش دیدنی، آزاد کشمیر بھر سے قافلے مقامی قائدین کی قیادت میں پہنچ گئے، یوم یکجہتی کی مرکزی تقریب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، صدر مسلم لیگ نہ میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم فاروق حیدر، وفاقی وزرا و دیگر قائدین خطاب کریں گے، شہر کے ہر چوک اور چوراہے پر خیر مقدمی بینروں کی بھرمار۔5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی مظفرآباد آمد کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی بھرپور تیاری،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ، ایم ایس ایف، ٹریڈ ونگ نے اپنے اپنے استقبالیہ کیمپ لگا لیے۔ اتوار کے روز علی الصبح وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کابینہ ارکان کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا ۔وزیر اعظم کی آمد پر کارکنان نے وزیر اعظم کا پرجوش استقبال کیا اور زبردست نعرے بازی کی ،فضا جئے نوا ز شریف ، جیئے فاروق حیدر کے نعروں سے گونج اٹھی۔کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنے قائد کا خیر مقدم کیا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے ایم ایس ایف، یوتھ ونگ کے استقبالیہ کیمپوں کا دورہ کیا اور کارکنوں میں گھل مل گئے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر کو اپنے درمیان پا کر کارکنان خوش ہوگئے ،وزیر اعظم نے بھرپور تیاریوں پر مسلم لیگ ن ، ایم ایس ایف این اور یوتھ ونگ کے کارکنان کو مبارکباد دی ۔
