فاروق حیدر کا سوات خود کش دھماکے میں فوجیوں کی شہادتوں پر اظہارافسوس

مظفرآباد(وقائع نگار)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان سوات خودکش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر سمیت 11جوانوں کی شہادت پر اپنے ردعمل کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاک فوج کے ان شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں ،سوات خودکش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔ کشمیری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہا ر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوات خودکش حملے میں ملوث دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہچانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے آزاد کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قوم نے بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک کو مٹھی بھر دہشتگردو ںسے چھٹکارا مل جائیگا۔
