آج انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرینگے،بیرسٹر سلطان

پیرس(نمائندہ کشمیر) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں اس دفعہ نہ صرف پاکستانی و کشمیری بلکہ انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے تمام لوگ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کریں کیونکہ کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے بھارتی مظالم کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ لہذابائیس کروڑ پاکستانی عوام بھرپور انداز میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جو کہ بھارتی فوج کی بربریت اور گولیوں سے چھلنی ہیں وہ اس بات کا یقین کر سکیں کہ پاکستان کے عوام انکی جدوجہد میں انکے شانہ بہ شانہ ہیں۔ نہ صرف پاکستان اور آزاد کشمیر بلکہ فرانس میں بسنے والے کشمیری بھی  مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کریں۔ فرانس چونکہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا بھی رکن ہے لہذا یہا ں سے مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر موثر آواز اٹھنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے یورپ کے صدرزاہد ہاشمی اور دیگر بھی موجودتھے۔اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈیگال ائیرپورٹ پہنچے تو ان کا ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر زاہد ہاشمی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مختصر نوٹس پر پیرس آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوشوں سے مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں اجاگر ہوا اور ہم سب مسئلہ کشمیر کو انٹر نیشنل کمیونٹی کے سامنے اجاگر کرنے کی آپکی کوششوں میں آپکے ساتھ ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم کشمیریوں نے خود اب مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔اسی لئے میں نے اس سال سیئز فائر لائن توڑنے کی کال دے رکھی ہے۔لہذا کشمیریوں اور پاکستانیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ فرانس میں بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور یہاں کی پارلیمنٹ میں بھی کشمیر کمیٹی بننی چاہیے اور فرانس سے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری مطالم کے خلاف آواز بلند کی جانی چاہیے کیونکہ بھارت بھارت کے جارحانہ عزائم ہیں اور اسکی پشت پناہی امریکہ اور اسرائیل کررہے ہیں۔ لہذا بھارت کوئی بڑا سانحہ کر سکتا ہے۔ اسلئے انٹرنیشنل کمیونٹی اس پر دبائو ڈالے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑاحادثہ ایک بڑی ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے جو پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کرے۔