پیپلز پارٹی یوم یکجہتی پر کشمیروں کیساتھ کھڑے رہنے کا عزم دوہرانی ہے،فریال تالپور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاسی امور کی انچارج و رکن قومی اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان کی عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح ساتھ کھڑی رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ پر رکھی اور اس مسئلہ کو دنیا کے ایوانوں میں بلند کر کے بھارت کو ہر محاذ پر پسپا کیا اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ اتوار کو پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1990ء میں 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کر کے کشمیریوں کے ساتھ نہ صرف یکجہتی کا مظاہرہ کیا بلکہ سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد تشریف لے گئیں جہاں انہوں نے اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس کے علاوہ جلسہ عام سے خطاب کیا، کشمیریوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور مہاجرین کشمیر کی آباد کاری کا وعدہ کیا۔ تب سے اس دن کو ہر برس سرکاری طور پر منایا جاتا ہے اور پورے ملک میں سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔ فریال تالپور نے پاکستان پیپلزپارٹی اور عوام کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کیلئے پرعزم ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی پیہم کوششوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے اور اس حق کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی تمام حکومتیں اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ فریال تالپورنے کہا کہ وہ کشمیریوں کے اس بہادرانہ جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو گزشتہ 7 دہائیوں سے شدید جابرانہ اقدامات کا سامنا کرنے کے باوجود سرد نہیں پڑا۔ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی برادری کو اس عمل کی مذمت پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام بھارتی سیکیورٹی فورسزکے 7 لاکھ سے زائد اہلکاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، لاکھوں کشمیری اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں، ہزاروں لاپتہ کردیئے گئے ہیں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیری خواتین کی عصمت دری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ خواتین جن کے خاوند قابض افواج نے لاپتہ کردیئے ،کئی عشروں سے بیواؤں کی طرح بدترین اور ناقابل بیان حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اور پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی ہزاروں بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے دکھوں اور مصائب میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے شدید صدمہ پہنچا۔ میں کشمیری عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جنہیں اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈے اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اپنے قانونی حق حق خودارادیت کی جدوجہد سے روک نہیں سکے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ' سلامتی کونسل کے ارکان اور بین الاقوامی برادری سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ بے یارو مدد گار کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمہ کے لئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ انہوں نے اس امر کااعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کے لئے پرعزم ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔فریال تالپورنے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام ان کی غیر متزلزل حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔
