انڈر 19 ورلڈکپ؛ شاہین کی بلند پرواز، منتخب الیون میں شامل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیوزی لینڈ میں مکمل ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ کی بہترین منتخب ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی بلند پرواز جاری رہی۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ انڈر19 کی منتخب ٹیم کا اعلان کردیا، ہر ایونٹ کے بعد روایتی طور پر ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس دینے والے پلیئرز پر مشتمل علامتی الیون ترتیب دی جاتی ہے اور اب جونیئر پر  بھی اس کا اطلاق ہورہا ہے، جنوبی افریقی کپتان رینارڈ وان ٹونڈر کو ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے، ای ین بشپ، انجم چوپڑا، جیف کروو ، ششانک کشور اور ٹام موڈی پر منتخب پینل نے ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس دینے والے 12 پلیئرز کا چناؤ کیا ہے۔

ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 8وکٹ سے مات دیکر سب سے زیادہ چوتھی بار چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، پاکستانی لیفٹ آرم پیسر شاہین شاہ آفریدی نے ایونٹ میں 12شکار کیے، منتخب کپتان وان ٹونڈر نے 6 میچز میں 348رنز جوڑے، جس میں کینیا کیخلاف 143 کی بہترین اننگز بھی شامل رہی۔

، نیوزی لینڈ کے بیٹسمین فن ایلن کو338رنز بنانے پر چناگیا، افغان لیگ اسپنر قیس احمد (14وکٹیں ) کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیاگیا۔

ویسٹ انڈیز کے الیک ایتھنزے کو ایونٹ میں سب سے زیادہ 418رنز جوڑنے پر 12واں کھلاڑی بنادیاگیا، انھوں نے سری لنکا اور کینیا کیخلاف سنچریاں بنائی تھیں۔