سرحدوں پر جانی نقصان ٹالنے کیلئے بات چیت ضروری ہے،محبوبہ مفتی

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر کشیدگی سے مزید جانی نقصان کو ٹالنے کے لئے بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں ایک خاتون کی موت واقع ہوجانے کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔ محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا پونچھ میں ایل او سی پر سرحد پار فائرنگ سے ایک 45 سالہ خاتون کی موت واقع ہوجانے کے بارے میں جان کر دکھ ہوا ہے۔ ہمیں مزید ہلاکتوں کو ٹالنے کے لئے بات چیت شروع کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ پونچھ میں فائرنگ کے نتیجے میں جمعرات کی شام 45 سالہ خاتون زینب بی ساکنہ نارہ بالنوئی کی موت ہوگئی تھی۔ پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
