Sat
02
May
2026

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کا جواب کل لودھراں کے عوام نے دے دیا، میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں اور کل لودھراں میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
ایک سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'مجھے معلوم نہیں کہ انتقام کیوں لیا جارہا ہے تاہم ڈرتا نہیں ہوں، جو انتقام لے رہے ہیں وہ ان سے بھی پوچھ گچھ کریں جنہوں نے دو مرتبہ آئین توڑا اور ججز کو گرفتار کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں اور وہ جنہوں نے دو دو مرتبہ آئین توڑا انہیں نہیں پکڑا، کیا ان تک پہنچتے ہوئے پر جلتے ہیں۔
