مقبوضہ کشمیر: 2018 میں اب تک 16مجاہدین سمیت 37کشمیری شہید
اسلام آباد(وقائع نگار)مقبوضہ کشمیر میں یکم جنوری 2018 سے ابتک 16 مجاہدین سمیت37 کشمیری شہید جبکہ 28 بھارتی فورسز کے اہلکار مارے گئے۔سال 2018 کے پہلے 43 دنوں میں بھارتی فورسز اور مقامی مجاہدین کے درمیان 13 مختلف جھڑپیں ہوئیں جن کے نتیجے میں 16 مجاہدین شہید ہوئے جبکہ 28 بھارتی فورسز اہلکار مارے گئے۔ 2018 کی ابتدا جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں 36 گھنٹے طویل جھڑپ سے ہوا۔ جس میں تین مقامی مجاہدین شہید ہوئے جبکہ 5 اہلکار مارے گئے تھے۔اسی طرح چھ جنوری کو شمالی قصبہ سوپور میں بارودی سرنگ دھماکہ ہوا تھا۔ آٹھ جنوری کو جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں جھڑپ ہوئی تھی اور فورسز نے عام شہریوں پر فائرنگ کی تھی۔15 جنوری کو بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں جھڑپ ہوئی تھی۔ 24 جنوری کو ضلع شوپیاں کے چھی گنڈ علاقے میں خونی معرکہ ہوا جس کی زد میں کئی عام شہری اور دو معصوم بچیاں بھی آئیں۔یکم فروری کو بھی اسی علاقے میں ایک اور جھڑپ ہوئی۔ چھ فروری کو سری نگ ر کے SMHS ہسپتال کے باہر فورسز پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد جموں میں ایک عرصے کے بعد حملہ ہوا جس میں فورسز کی فائرنگ سے پانچ عام کشمیری مارے گئے۔
