کیا پی سی او ججز ہمیں اخلاقیات کا درس دیں گے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم سمجھوتہ کرنے والے لوگ نہیں اور کیا پی سی او ججز ہمیں اخلاقیات کا درس دیں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کسی بھی کرپشن میں ملوث نہیں، دل اور نیت صاف ہو تو اللہ ساتھ دیتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ جج صاحبان جو زبان استعمال کر رہے ہیں، میرا نہیں خیال کہ انہیں زیب دیتا ہے، یہی زبان عمران خان بھی استعمال کر رہے ہیں، اگر چیف جسٹس بھی استعمال کریں تو ان کی اور عمران خان کی زبان میں کیا فرق رہ جاتا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم برداشت کرتے ہیں، پرویز مشرف کے زمانے میں جن ججز نے ان کا حلف لیا وہ ججز ہمیں اخلاقیات کا درس دیں، یہ زیب نہیں دیتا، اس طرح کے درس قبول کرنے کے لئے تیار نہیں اور کسی پاکستانی کو بھی قبول نہیں کرنا چاہیے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ لوگ ٹیڑھی بنیاد پر دس منزلہ عمارت تیار کرنا چاہتے ہیں اور اب مجھے پارٹی صدارت سے ہٹانا چاہتے ہیں تاہم میں ایسے فیصلوں کو نہیں مانتا۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ حکومت نواز شریف کو بچانے کے لئے عدلیہ پر ایک اور این آر او کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔
