پروفیسر پر ڈپٹی کمشنر کا تشدد،طلباء سڑکوں پر نکل آئے

مظفرآباد(وقائع نگار)ہٹیاں بالا میں پروفیسر جمیل حسین پر تشدد کے خلاف آزاد کشمیر یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء و طالبات کی یونیورسٹی سے سی ایم ایچ چوک مظفرآباد تک احتجاجی ریلی حکومت آزاد کشمیر کو ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کے خلاف کارروائی کے لیے تین دن کی ڈیڈ لائن دے دی بصورت دیگر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے گھیرائو کا اعلان کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز آزاد کشمیر یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات نے تشدد کا نشانہ بننے والے پروفیسر جمیل حسین کی صاحبزادی مصفرا جمیل ،سابق امیدوار اسمبلی سید زیشان حیدر،سید فیضان نقوی،راجہ طلعت، سبطین نقوی ،سردار ولید ،جنید نقوی، اور دیگر کی قیادت میں پر وفیسر جمیل حسین پر تشدد اور ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کے خلاف ایف آئی آر کے انڈراج نہ ہو نے کے خلاف یونیورسٹی سے سی ایم ایچ مظفرآباد تک ایک احتجاجی ریلی نکالی مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومت اور ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اگر حکومت آزاد کشمیر نے ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کے خلاف تین دن کے اندر کارروائی نہ کی تو قانون ساز اسمبلی کا گھیرائو کیا جا ئے گا اور آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اس دوران نقصان کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہو گی۔