پاک فوج کی ایل او سی پر جوابی کارروائی، 5 بھارتی فوجی ہلاک

راولپنڈی: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہریوں کو نشانہ بنانے والی پوسٹ تباہ کردی جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی تتہ پانی سیکٹر میں کی گئی جس میں متعدد بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے اسکول وین کو نشانہ بنایا جانا جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر وین میں بیٹھی ہوئی ایک طالبہ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں وہ بھارتی اشتعال انگیزی کے بارے میں بتا رہی ہے۔
وزیراعظم کی مذمت
دوسری جانب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل او سی پر اسکول وین پر بھارتی فائرنگ کی سخت مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلااشتعال اور غیراخلاقی اقدامات سے بھارت کا اصل چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے، بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کرجنیوا کنونشن کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے شہید ڈرائیور کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔
