مقبوضہ کشمیر: جعلی مقابلہ میں شہید 2نوجوان بغیر شناخت سپرد خاک

  سرینگر(اے این این )  مقبوضہ کشمیر کے منڈھیر سیکٹر  میں گزشتہ روز ہونے والے جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے دونوں نوجوانوں کو بغیر شناخت کے سپرد خاک کر دیا گیا ہے  جبکہ بارہمولہ کے علاقے  پٹن میں بھارتی فورسز کا محاصرہ ناکام بنا دیا گیا،جنگجو فوج کے نرغے سے فرار ہونے میں کامیاب،لوگوں کا بھارتی فورسز پر پتھراؤ،جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق  مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن سے ملحقہ منڈھیر سیکٹر میں بھارتی فوج  نے گزشتہ روز  دو نوجوان کو درانداز قرار دے کر جعلی مقابلے میں شہید کر دیاتھا جس کے بعد مقامی لوگوں  نے شدیداحتجاج کیا اور فوجی کیمپ میں جا کر میتیوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا تاہم بھارتیہ فوج نے مارے جانے والے نوجوانوں کی شناخت جاری کرنے اور میتیں لوگوں کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا۔بعد میں دونوں نوجوانوں کی میتیں بغیر شناخت کے پولیس کے حوالے کیں اور  شہداء کو مقامی لوگوں کی مدد سے رات کے اندھیرے میں سپرد خاک کیا گیا۔میتیوں کی تدفین شہداء کے مقامی قبرستان میں کی گئی جہاں پہلے بھی عدم شناخت مجاہدین مدفون ہیں ۔دریں اثناء  ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن پٹن میں  بھارتی فورسز نے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کا اچانک محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کی۔اس دوران لوگوں نے با ہر نکل کر شدید احتجاج کیا اور بھارتی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا۔بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے تاہم اس دوران مبینہ مجاہدین علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔اس دوران علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند رہی ۔پولیس کے مطابق انہیں اس بات کی مصدقہ اطلاع تھی کہ تانترے محلہ پلہالن میں کچھ جنگجو چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعد 29 آر آر، 53 بٹالین سی آر پی ایف اور سپیشل آپریشن گروپ نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر بڑے پیمانے پرجنگجوئوں کی تلاشی شروع کردی ۔جونہی فورسز گائوں کا آپریشن کرنے جارہے تھے تو یہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا، جو کچھ دیر تک جاری رہا۔فائرنگ کے دوران ہی جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔فوج نے علاقے کی بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کی۔اس دوران مشتعل نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں جس کے بعد فورسز کو مشتعل ہجوم کو تتر بتر کرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے داغنے پڑے ۔جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ۔جھڑپ کے پیش نظر ضلع بارہمولہ میں انٹرنیٹ خدمات معطل رہیں ۔اس سلسلے میں ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنگجو جھڑپ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔دریں اثناء سیاحتی مقام گلمرگ میں  پہاڑی سے بھاری بھرکم بر فانی تودے کی زد میں آکر پانچ غیر ملکی سیاح  برف کے تودے کے نیچے دب گئے جن میں سے ایک سیاح ہلاک ہوگیا جبکہ بچا و ٹیم نے باقی چار کو زندہ نکالا ۔پولیس کے مطابق  جمعہ کو یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب افروٹ کے ہاپت کھوڑ علاقے میںسیکنگ کرتے ہوئے  پانچ غیر ملکی سیاح برفانی  تودے کی زد میں آگئے جن میں سے روس سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ڈینل  سٹین سلائیو ہلاک ہوا جبکہ باقی چار کو بچاو ٹیم نے ریسکیو کرکے بچایا ،جنہیں معمولی چوٹیں آئی تھیں ۔ اس دوران بچا و ٹیم نے ہلاک ہوئے جواں سالہ ا سکیئر ڈینل کی لاش کو گلمرگ اسپتال پہنچا کر پولیس کے حوالے کیا جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سرینگر اسپتال منتقل کیا گیا۔مرنے والے کی لاش نئی دہلی میں روسی حکام کے حوالے کی جائے گی ۔واضح رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے پہلے سے ہی جمعرات کو برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کی تھی۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹیوآفیسر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محمد حنیف بلکی نے حادثے کے بعد بتایا کہ مذکورہ سکئیرس نے برفانی تودے گر آنے کی وارننگ کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ۔