کشمیر کونسل کا خاتمہ کشمیری عوام کا فیصلہ ہے،مشتاق مہناس

مظفرآباد(وقائع نگار) ازادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و ائی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہیکہ اب جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ریاست کی حقیقی حکمرانی کو بحال کرنے کی راہ پر گامزن ہے کچھ نادان قیام کے بجائے جھکتے جا رہے ہیں۔ کشمیر کونسل کا خاتمہ ریاست کے عوام کا فیصلہ ہے جسے ریاست کے عوام کے منتخب وزیراعظم نے بہترین دلائل کے ساتھ منوایا۔ریاست کے عوام اپنے منتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی پشت پر کھڑے ہیں۔پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا رشتہ ازلی اور ابدی ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ کشمیر کونسل کے سرکاری ملازمین آداب ملازمت کا خیال کریں،قانون ساز اداروں کو بلیک میل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار خصوصی انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ ایکٹ 74 میں ترامیم اور کشمیر کونسل کا خاتمہ ہمارے منشور کا حصہ تھا جس پر کمیٹیاں بنی اور اب ان کی سفارشات کی روشنی میں ہی پیشرفت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے قائد پاکستان محمد نواز شریف کو اس معاملے پر اعتماد میں لیا اور پھر خاصے غور، سوچ بچار اور باریک بینی سے حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد ہم ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے چند نادانوں کی جانب سے قومی مفاد کے مغائر اقدامات پر کہا کہ حضرت اقبال نے جو فرمایا تھا کہ ناداں گر گئے سجدے میں جب وقت قیام ایا وہ اس وقت ان مفاد پرستوں پر پورا اتاہے جنہوں نے اس اہم قومی معاملے کو بھی اپنی خودغرضانہ سیاست کی سولی پر چڑھا لی ہے۔انہوں نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ سرکاری ملازمین کو ریلیاں نکالنے کہ اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان تعلق انتہائی مضبوط ہے کیونکہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جس کے لئے وہ لاکھوں شہداء کی قربانیاں دے چکے ہیں۔