اضافی بلنگ،لوڈشیڈنگ،شجاع آباد کی عوام اور محکمہ برقیات میں ٹھن گئی
باغ (نمائندہ کشمیر ٹوڈے )جنوبی باغ شجاع آباد کی عوام اور محکمہ برقیات میں ٹھن گئی ، محکمہ اپنی نا کامی چھپانے کے لیے عوام کو سزا دینے لگا ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ، بوگس بلات اور سالوں سے میٹر ز کے نام پر وصول ہونے والی فیسیں ذاتی تصرف میں لا ئی جا رہی ہیں ، رات 10بجے سے صبح 7بجے تک مکمل طور پر بجلی بند کر کے عوام کو امتحان میں ڈال دیا گیا ، طلباء و طالبات پریشان ، فریجوں میں رکھا سامان خراب ہو چکا ہے ، محکمہ برقیات کے اہلکاران نعمانپورہ ، ہمہ موڑہ اور ہاڑی گہل سے خود بجلی بند کرتے ہیں ،جنوبی باغ شجاع آباد سرکل سمیت دیگر علاقہ جات کی بجلی کس قانون کے تحت بند کی جا رہی ہے ، با قاعدگی سے بلات ادا کرنے کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ظلم ہے جسے برداشت نہیں کریں گے ، اگر ایک ہفتے میں محکمہ برقیات نے قبلہ درست نہ کیا تو باغ راولاکوٹ مین شاہراہ شجاع آباد سے بند کر دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران شجاع آباد کے صدر سردار عبدالرحیم ، سردار قمر اقبال ، شیخ عبدالرحمن ، اشفاق چوہان ، سید کامران شاہ ، چوہدری صوبیدار محمد ایوب ، اظہر استاد ، حاجی الیاس ،تبسم فیاض سمیت دیگر نے جنوبی باغ شجاع آباد میں منعقد ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے کہا کہ شجاع آباد کے سامنے حلقہ نمبر ٣،٤ ہیں جن میں مسلسل بجلی دی جا رہی ہے مگر جنوبی باغ شجاع آباد سمیت دیگر علاقہ جات میں رات بھر بجلی بند رہتی ہے اور دن کے اوقات میں بھی ایک گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے بجلی بند کی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ با قاعدگی سے بلات ادا کرتے ہیں مگر اس کے باوجود بجلی نہیں دی جا رہی ، متعدد بوگس بلات جاری کیے جا رہے ہیں میٹرز دیکھے بغیر بلات جاری ہو رہے ہیں میٹرز کی مد میں ہزاروں لاکھوں روپے محکمہ برقیات لے کر ہضم کر چکا ہے مگر سالوں سے میٹرز جاری نہیں ہو رہے ، ذرا سی بارش اور ہوا چلنے کا بہانہ بھی بجلی بند کر نے کے لیے کافی ہوتا ہے ، انہوں نے ڈپٹی کمشنر باغ کو آگاہ کیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر محکمہ برقیات سب ڈویژن ہاڑی گہل نے اپنا قبلہ درست نہ کیا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند نہ کی تو باغ راولاکوٹ مین شاہراہ شجاع آباد کے مقام پر مکمل طور پر بند کر دیں گے حالات خراب ہوئے یا کوئی نقصان ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ برقیات کے ایکسین اور ایس ڈی او ہاڑی گہل پر عائد ہو گی ۔
