وزراء کیلئے کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری

مظفرآباد( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ''ریاستی کابینہ''کے جملہ وزراء کے استعمال کیلئے کروڑوں روپے کی نئی گاڑیوں کی خرید کی منظوری دیدی ہے ۔جس میں سابق صدر ریاست ،وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار سکندر حیات خان کیلئے بھی نئی گاڑی خریدی جائے گی۔جس پر خطیر فنڈز کا استعمال ہوگا۔مذکورہ گاڑیاں جیپ کی شکل میں انتہائی لگژری فور بائی فور ہونگی ۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق آزادکشمیر کابینہ کے جملہ وزراء کرام کیلئے نئی گاڑیوں کی باضابطہ خرید کی منظوری دیدی گئی ہے ۔مذکورہ گاریاں جیپ کی شکل میں فور بائی فور ہونگی جو نئی تشکیل شدہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آزادکشمیر کی مخصوص جغرافیائی ہیت ،دشوار پہاڑی محل وقوع کے مطابق ہوں اور پائیداری کے حوالہ سے جیپ ہاء کی سابقہ ساکھ اور کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے خرید وہیکل خرید کی جائیں گی، اس ضمن میں محکمہ سروسز کی طرف سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔جس کے ٹینڈرآئندہ یا رواں ماہ ہونگے ۔