ہائیکورٹ نے باغ کی 9یونین کونسلز معطل کردیں

مظفرآباد(وقائع نگار)ہائی کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے ضلع باغ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے نئی قائم کی جانے والی 20میں سے 9یونین کونسل ہاء کو لوکل کونسل رولز کے مغائر قرار دیتے ہوئے معطل کر دیا ہے۔ہائی کورٹ کے جج جسٹس شیراز احمد کیانی نے نئی حلقہ بندیوں کے دوران قائم کی جانے والی نو یونین کونسل ہاء کومعطل کر دیا ہے ۔یونین کونسل کوٹیڑی ،یونین کونسل رتنوئی ،یونین کونسل بنی منہاساں ،یونین کونسل ساہلہاں ملدیالاں ،یونین کونسل تھب ،یونین کونسل ڈھکی پندی ٹوپی شمالی ،یونین کونسل ٹوپی جنوبی ،یونین کونسل راولی اور یونین کونسل پوٹھیاں بھورکہ شامل ہیں۔غربی باغ سے تعلق رکھنے والے وکلاء راجہ سہراب احمد خان، راجہ اشتیاق احمد خان، راجہ افراق احمد خان، ساجد مہتاب صدیقی،راجہ غضنفر حیات، سردار عبدالغفارشرر اور سردار فہم عباسی ایڈووکیٹس نے 20نومبر 2017کو نئی حلقہ بندیوں کے سلسلہ میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ لوکل کونسل رولز کے مطابق آبادی کے طے کردہ معیار(کرائے ٹیریا)کے مطابق نئی یونین کونسل کے قیام کیلئے کم از کم 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 25ہزار آبادی مقرر کی گئی ہے جبکہ ضلع باغ میں حالیہ حلقہ بندی کے دوران 20نئی یونین کونسلیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 9یونین کونسلیں پندرہ ہزار سے کم آبادی پر قائم کر کے لوکل کونسل رولز کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔لہذا رولز کے مغائر قائم کی جانے والی یونین کونسل ہاء کو منسوخ/معطل کیا جائے۔پٹشنرز کی جانب سے راجہ اشتیاق احمدخان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کم آبادی والے علاقوںکو یونین کونسل کا درجہ دیا گیا ہے نوٹیفکیشن میں ان کی آبادی کم درج ہے جو آبادی درج ہے وہ بھی پروجیکٹڈ آبادی سے زیادہ درج کی گئی ہے۔عدالت نے رٹ کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے رولز کے مغائر قائم نو یونین کونسل ہاء کے قیام کو منسوخ/معطل کر دیا ہے۔ضلع غربی باغ کی منسوخ کی جانے والی یونین کونسل ہاء میں یونین کونسل کوٹیڑی جسکی آبادی 8250،یونین کونسل رتنوئی جسکی آبادی 10,232،یونین کونسل بنی منہاساں جسکی آبادی 11500،یونین کونسل ساہلہاں ملدیالاں جسکی آبادی 9066یونین کونسل تھب جسکی آبادی 11,350یونین کونسل ڈھکی پندی ٹوپی شمالی جسکی آبادی 11750یونین کونسل ٹوپی جنوبی آبادی 8,864یونین کونسل راولی 9160اور یونین کونسل پوٹھیاں بھورکہ کی آبادی 9784شامل ہیں۔
