بی آئی ایس پی لوگو سے بے نظیر کی تصویر نہیں ہٹنے دیں گے، لطیف اکبر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے شہید بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹانا قابل مذمت اقدام ہے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف کی جانب سے منگل کے روز پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عشائیے میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ ذوالفقار علی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی، پاکستان پیپلز پارٹی اوورسیز کمیٹی کے رکن حافظ طارق اور پیپلز پارٹی اوورسیز کے مرکزی رہنما اصغر قریشی بھی موجود تھے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانیت کی خدمت کو افضل عبادت سمجھتی ہے۔ اس خدمت کے جذبے کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریبوں، نادار اور مجبور لوگوں کی امداد کے لئے سکیم بنائی گئی ہے۔ اس فلاحی سکیم سے شہید بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹا کر موجودہ حکمرانوں نے اپنے جھوٹے پن اور کم تر ذہنیت کی عکاسی کی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو پر فوری طور پر محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر لگائی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آمریتوں اور آمرانہ ذہنیت رکھنے والوں کی سوچ کی وجہ سے معاشرے میں جو بگاڑ آیا ہے اس بگاڑ کو ختم کر کے درست سمت پر چلنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید قیادت کے نقش قدم پر چلنا ہو گا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف نے اظہر اقبال بڑالوی کو پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل جیسی اہم ذمہ داری ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اوورسیز باالخصوص برطانیہ میں انتہائی اہمیت کی حامل رہی ہے وہ اس اہم ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور برطانیہ میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے متحد اور منظم ہو کر اپنا کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر اظہر اقبال بڑالوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی اور پیپلز پارٹی برطانیہ کے تنظیم کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے اکابرین کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری حوصلہ افزائی فرمائی اور پیپلز پارٹی برطانیہ کی تنظیم کے جن توقعات کا اظہار کیا ہے کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کو ایک بار پھر بھرپور عوامی قوت بنائیں گے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اُس پر پورا اتریں گے۔ اظہر اقبال بڑالوی نے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی قیادت کو برطانیہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کر لی ہے۔
