رونکی کی نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد نے کراچی کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

شارجہ: لیوک رونکی کی پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے 154 رنز ہدف کے تعاقب میں لیوک رونکی اور جے پی ڈوپنی نے اسلام آباد کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
رونکی 37 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ یہ پی ایس ایل تھری کی تیز ترین نصف سنچری تھی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی اننگز کے دوران بابر اعظم اور خرم منظور کی شراکت کے باعث شہر قائد کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپننگ بلے باز جو ڈینلی محمد سمیع کی سیدھی گیند سمجھنے سے قاصر رہے اور چار رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔
تاہم اس کے بعد خرم منظور اور بابر اعظم کے درمیان 101 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ دونوں بلے بازوں نے آغاز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم بعد میں وکٹ کے چاروں طرف شاٹس لگاکر اسلام آباد کے بولرز کو پریشان کیا۔
روی بوپارا اختتامی اوورز میں کریز پر پہنچے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم 18ویں اوور میں دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان نے اختتامی اوورز میں 9 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کراچی کنگز کے اسکور کو 150 رنز کے پار لگادیا تاہم یہ اسکور کافی نہیں تھا اور اسلام آباد نے کراچی کا 154 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں پورا کرلیا۔
کراچی کنگز کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی۔
شکست کے بعد کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پیر کو پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا جبکہ منگل کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
