گوجر خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی

گوجر خان میں جی ٹی روڈ پر مسافر بس کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی جب کہ 27 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ پر بائی خان پل کے قریب ٹرک کو اوورٹیک کرتے ہوئے مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 4 افراد موقع پر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال گوجر خان منتقل کیا گیا جہاں مزید 7 افراد دم توڑ گئے جبکہ 27 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونےوالوں میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ حادثے کے 14 شدید زخمیوں کو راول پنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے ضلع نارووال سے ہے۔