مقبوضہ کشمیر،حریت رہنما ظفر اکبر بٹ پاکستان سے واپسی پر گرفتار
اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)جموں و کشمیر سالویشن مو منٹ کے چئیر مین ظفر اکبر بٹ کو گزشتہ رات پولیس نے رہائش گاہ باغ مہتاب پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان جموں و کشمیر سالویشن مومنٹ کے مطابق ظفر اکبر بٹ پاکستان کے سیاسی اور سفارتی لحاظ سے کامیاب دورہ سے واپسی پر رات کی تاریکی میں گرفتار کیا گیا۔ظفر اکبر بٹ کی گرفتاری بھارتی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ترجمان سالویشن مومنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مزاحمتی قیادت کے خلاف اور کشمیری عوام کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں اور دھونس دباؤ سے کام لیا جا رہا ہے۔ہم دھمکیوں سے مرعوب نے نہیں ہوں گے۔اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے صبر ،حوصلے اور جذبے کو مزید استقامت مل رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر سالویشن مومنٹ جاں بحق نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ہم بین الاقوامی فورمز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ شوپیاں میں ہلاکتوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔حریت قیادت کی گرفتاریاں اور بے گناہ کشمیریوں کا خون بھارت کی بزدلانہ حرکتیں ہیں۔
