مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی خطے کی خوشحالی کی کنجی ہے،شاہ غلام قادر

نیلم (بیورورپورٹ)قائم مقام صدر آزاد جموں وکشمیر سپیکرغلام قادرنے کہا ہے کہ مودی کی انتہا پسند حکومت جنوب مشرقی ایشیا ء کے امن کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ہندو کا نیشنل ازم مسلمانوں کیلئے خطرہ ہے ۔ لا ئن آف کنٹرول کی سنگین صورتحال تشویشناک ہے ،مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ہی مستقل امن کی کنجی ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بیلٹ گن ،ڈنڈوں کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی گھنائونی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،پنجاب و سند ھ کو سیراب کرنے والے پانی میں کشمیریوں کا خون شامل ہے۔پاکستا ن میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت ہو مسئلہ کشمیر پر سودے بازی نہیں کرسکتی ہے ۔جملہ کشمیری سیاسی جماعتوں کا تحریک آزاد ی کشمیر پر موقف ایک ہے ۔بھارت نے پاکستان کے دو قومی نظریے کو سرے سے تسلیم ہی نہیں کیا ہے۔ کنٹرول لائن پر بھارت سازش کے تحت حالات خراب کرکے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتاہے عالمی دنیا مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم پر توجہ دے ایسانہ ہو کہ نہ صرف ایشیاء بلکہ عالمی امن بھی خطرے میں پڑ جائے ۔افغان جنگ میں جن برائیوں نے جنم لیا اس کی فصل کاٹ لی اب بہتری کی طرف گامزن ہیں جبکہ بھارت اپنے مکروہ عزائم کی وجہ سے تباہی کی راہ پر گامزن ہے ۔کشمیری افواج پاکستان کے پشت بان ہیں بھارت جان لے کہ چھیڑ چھاڑ کی کوشش اسکی تباہی کا سبب بنے گی،منحوس خونی لکیر کشمیریوں کے مقدس رشتے کو زیادہ دیر تک جدا نہیں رکھ سکتی۔نیلم ویلی سمیت لائن آف کنٹرول کا امن عزیز ہے لیکن تحریک آزادی کشمیر کے لیئے بھارت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی ضرورت پڑی تو نیلم ویلی کے عوام کے ساتھ خود کھڑا رہ کر افواج پاکستان کہ شانہ بشانہ کردار ادا کروں گا ۔نیلم بار ایسوایسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی کے لیئے جاندار کردار ادا کریں شکست تسلیم نہ کرنا ناکامی کی علامت ہے زمہ داریاں سنبھالنا آسان نبانا مشکل ہے ۔قائمقام صدر ریاست نے ڈسٹرکٹ بار نیلم کے لیئے تین لاکھ روپے کا اعلان کیا ،فیملی کورٹ نیلم کے لیئے فرنیچرفراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت میاں نواز شریف کے سپاہیوں کی ہے میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں دوگنا اضافہ کیا جوکہ ان کی کشمیریوں سے والہانہ محبت کا عملی ثبوت ہے ،آزاد حکومت اب اس سوچ و بچار میں ہے کہ اس بجٹ کو کیسے استعمال کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے شاہرائے نیلم کے لیئے17ارب روپے کا بجٹ منظور کیا جس میں 06ارب روپے کی لاگت سے دو ٹینل 11ارب نیلم ویلی روڈ کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔نیلم میںسڑکوں ،اور پلوں کی تعمیر کے لیئے محکمہ ہائی وے کا بجٹ 82کروڑجبکہ یونیورسٹی کیمپس نیلم کی تعمیر کے لیئے 01ارب روپے مختص کئے ہیں ۔تقریب حلف برداری سے نومنتخب دیگرعہدیداروں نے خطاب کیاہے۔
