نوازشریف سے وزیراعظم کی ملاقات، چیئرمین سینیٹ کیلئے مختلف ناموں پر غور

 وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بذریعہ ہیلی کاپٹر جاتی امرا  پہنچے جہاں ان کی (ن) لیگ کے قائد میاں نوازشریف سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم اور نوازشریف کی ملاقات کے دوران چیئر مین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال اور چیئرمین سینیٹ کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم کو ارکان سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

(ن) لیگ کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل ہوگا

دوسری جانب سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کےمعاملے پر نوازشریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل ہوگا جس میں دونوں عہدوں کے لیے امیدواروں کے انتخاب کی حکمت عملی پر مشاورت  کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے امیدواروں کی نامزدگی متوقع ہے جب کہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے خود رابطے کیے ہیں اور اتحادی رہنماؤں پر متفقہ امیدوار لانے پر زور دیا ہے جب کہ ان رہنماؤں نے نوازشریف کو اپنی حمایت کا بھی یقین دلایا ہے۔