صرف کونسل نہیں وزارت امور کشمیر بھی ختم کی جائے،سردار قمرالزمان

باغ (نمائندہ کشمیر ٹوڈے) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سنیئر رہنما سابق وزیرصحت عامہ سردار قمرالزمان خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر آزادی کے لیے برسرپیکار کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستان کے 20کروڑ عوام ان کی پشت پر ہیں۔ متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بھارت منصوبہ بندی کے تحت ایل او سی پر سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیر صحت عامہ سردار قمرالزمان خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انھوں کہا کہ حالیہ بجٹ میں پاکستان کی مسلح افواج کی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ کیا جائے اور مزید چار لاکھ فوج کا اضافہ کیا جائے ۔فوج کے جوان نے ہر مشکل حالت میں ملک کے دفاع اور خوشحالی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اگر ان کی تنخواہ میں سو فیصد اضافہ کیا جائے تو کیا حرج ہو گا۔ تمام سکولوں ،کالجوں، یونیورسٹیوں اور شہریوں کو فوجی ٹریننگ دی جائے پڑھی لکھی خواتین کو بھی ٹریننگ میں شامل کیا جائے انھوں نے کہا کہ اس طرح پاکستان میں لینڈ ریفارمز کی جائے۔ دو سو کنال سے زیادہ زمین کو سرکار ضبط کر کے غریب لوگوں کو دے اس سے ہمیں امریکہ ، چین ، آئی ایم ایف کسی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اگر ہم یہ کر لیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی اور ہم ایک سپر پاور بن جائیں گے اس کے لیے کسی مرد کی ضررورت ہے۔ کوئی حضرت عمر ، علی المرتضیٰ ، خالد بن ولید ، یا پھر تیمور اور سلطان سلیمان جیسے لوگ چاہیے یہ سب ممکن ہے ان کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں یہ ہوگا تو ملک ترقی کرے گا حکومتیں بنیں گی کارخانے ، گاڑیاں ، محل ، مارکیٹیں پلازے تب ہی محفوظ ہوںگے انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نسلوں کے لیے یہ کرنا پڑھے گا یہ سب کچھ ہونے کہ بعد بھارت کو لوگ داستانوں میں یاد رکھیں گے کشمیر کونسل کے خلاف بیان دے چکا اور اپنے موقف پر قائم ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ میں جہاں کشمیر کونسل کے خاتمہ کی بات کرتا ہوں وہاں ہی وزارت امور کشمیر کے خاتمے کا بھی مطالبہ کرتا ہوں۔ وزارت امور کشمیر کو ختم کرکے صوبائی وزارت کے ساتھ فی الحال منسلک کیا جائے بعد میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں دو ایٹمی ملکوں کے درمیان تنازعہ کشمیر کو حل کریں جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن کے لیے مسلہ کشمیر حل کرنا ہو گا، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو زندہ رکھنے کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے قربانیاں دیں۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ تحریک آزادی کے لیے سیاسی اخلاقی سفارتی جانی مالی تعاون جاری رکھیں گے۔ بھارتی فوج پرامن شہریوں پر لاٹھی گولی برسا کر آزادی کی تحریک سے کشمیریوں کو دستبردار نہیں کر سکتی، مسلمانوں میں جب تک جذبہ شہادت موجود ہے مکار دشمن شکست نہیں دے سکتا نعرہ تکبیر اللہ اکبر جب بلند ہوتا ہے تو مسلمان میں نئی جان آجاتی ہے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر فوج پر ہمیں فخر ہے جس نے ہر موقع پر بہادری کے جوہر دکھائے خواہ وہ جنگ ہو سیلاب، زلزلہ ہو یا دیگر آفات مسلح افواج کا ایک مثالی کردار رہا۔ پاکستانی فوج خوش قسمت ہے جس کے ساتھ اس کے ملک کے عوام ہمہ وقت دشمن کے خلاف لڑنے کو تیار ہیں جب بھی ملک وقوم پر کوئی مشکل وقت آیا تو عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے، انھوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں جسمیں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
