عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم بند کرائے،فاروق حیدر

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)عالمی یوم خواتین کے موقع پر وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی ایام منانے کا مقصد صرف تقریبات کا انعقاد ہی نہیں ہونا چاہیے بلکہ جن مقاصد کے لیے یہ ایام منائے جا رہے ہیں ان کے حصول کے لیے عالمی برادری کو کردار بھی ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ تیس سال میں کوئی دن ایسا نہیں گذرا جس میں خواتین کے حقوق، عزت اور عصمت ہندوستانی قابض افواج کی طرف سے پامال نہ ہوئی ہو۔تئیس ہزار کے قریب خواتین کو بیوہ کیا گیا۔نیم بیوہ کی ایک نئی اصطلاح ان خواتین کے لیے استعمال ہوئی جن کو سالہا سال سے اپنے خاوندوں کی زندگی یا موت کا کوئی علم نہیں۔گیارہ ہزار خواتین قابض افواج کی طرف سے عصمت دری کا نشانہ بنی۔کننن پوش پورہ سمیت اجتماعی عصمت دری کے بیسوں واقعات ہوئے۔آج گیسو تراشی اور پیلٹ گن کا وحشیانہ استعمال عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین پر ظلم وستم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے اور اس خطہ میں پائیدار امن اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر میں خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر خواتین کو برابری کے مواقع مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
