مظفرآباد کا رہائشی لوات بالا میں قتل،نوجوان نے بیوی مار دی
نیلم (بیورورپورٹ) مظفرآباد کا رہائشی نوجوان وادی نیلم لوات بالا میں قتل، پولیس نے نعش کو تحویل میں لے لیا۔ آلہ
قتل برآمد، پوسٹ مارٹم کے لئے نعش ڈی ایچ کیو آٹھمقام منتقل۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ عظیم علی خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی صبح دس بجے کے قریب لوات سے ایک شخص کی نعش راستے میں پڑی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ جس پر تھانہ پولیس لوات کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔ حساس ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک نوجوان عبدالطیف ولد میر عالم سکنہ کھن بانڈی مظفرآباد جس کی عمر 26 سال کے قریب تھی۔ دو روز قبل مظفرآباد سے لوات بالا میں خاقان نامی شخص کے گھر آیا تھا۔ جمعرات کی صبح اس کی نعش لوات بیلہ کے مقام پر پڑی ہوئی ملی ہے جس کے پاس ایک پسٹل بھی پڑا ہوا ملا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق متوفی نے خود کشی کی ہے۔ تھانہ پولیس لوات کے اہلکار نے بتایا کہ ایس ایچ اور ممتاز اعوان موقعن پر پہنچ کر نعش اور آلہ قتل کو اپنی تحویل میں لے کر ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو آٹھ مقام منتقل کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی) گھریلو تنازعہ ،سٹی تھانہ کی حدود ،دومیل سیداں میں خاوند نے گولی مار کر بیوی کو قتل کر دیا ۔ملزم گرفتار۔آلہ قتل برآمد ۔تفصیلات کے مطابق دومیل سیداں کے مقام پر سید تنویر عباس نے 30بور پستول سے سر میں گولی مار کر اپنی بیوی کوثر بی بی کو قتل کر دیا ۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم تنویر عباس کو گرفتار کر کے آلہ قتل پستون برآمد کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ایس ایس پی مظفرآباد راجہ اکمل نے بتایا کہ مقتولہ کوثر بی بی اور ملزم سید تنویر عباس کے درمیان گھریلو تنازعہ تھا گزشتہ روز ملزم نے طعش میں آکر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کیا ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے اور مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے جبکہ پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کی گئی ۔مقتولہ کو سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
