محکمہ جنگلات اور لوکل گورنمنٹ کیخلاف نیب ریفرنس دائر

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو نے ڈی آر اے پی پی ہونے والی مبینہ کرپشن کی نسبت تفتیش عمل میںلاتے ہوئے ریفرنس مجاز عدالت احتساب کورٹ مظفرآباد میں دائر کر دیا گیا۔ احتساب بیورو نے اس کیس میں مختلف اوقات کے دوران93 لاکھ روپے کی ریکوری بھی کی جس سے خزانہ سرکار کو فائدہ پہنچایا گیا۔DRAPP پراجیکٹ میںہونے والی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی نسبت آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو نے تفتیش مکمل کرتے ہوئے09 ملزمان جن کا تعلق محکمہ جنگلات اور لوکل گورنمنٹ سے ہے کہ خلاف ریفرنس احتساب کورٹ مظفرآباد میں دائر کر دیا گیا ہے۔ان ملزمان سے مزید27 لاکھ روپے کی ریکوری ہونا بھی مطلوب ہے۔ان ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانہ سرکار کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔ان ملزمان میں راجہ طلعت مقصود DFO (وقت)،ارشاد سلہریا،قاضی ارشار فاریسٹر(وقت)شبیر عباسی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ (وقت)عقیل بٹ نائب مہتمم (وقت) و دیگر ملزمان شامل ہیں۔یاد رہے کہ ان ملزمان نے احتساب بیورو کی انوسٹی گیشن کے خلاف عدالت العالیہ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا تھا جو کہ احتساب بیورو کی پراسیکیوشن ٹیم نے مئوثر پیروی کرتے ہوئے خارج کروایا۔بعد ازاں ملزمان نے عدالت العظمیٰ میںاس فیصلہ کے خلاف اپیل کی جس میں عدالت العظمیٰ نے ملزمان کی اپیل خارج کرتے ہوئے فیصلہ صادر فرمایا کہ احتساب بیورو تحت ضابطہ تفتیش مکمل کرتے ہوئے ان ملزمان کے خلاف ریفرنس مجاز عدالت احتساب کورٹ مظفرآباد میں جمع کروائے۔اس حکم کی روشنی میںاحتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم نے تمام ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے خزانہ سرکار کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا اور ان ملزمان کے خلاف تفصیلی چارج شیٹ تیار کی جس کی بنیاد پر اس ریفرنس کی احتساب کورٹ میں دائرگی کی جناب چیئرمین نے منظوری دی۔