احتساب بیورو کے دفاتر کی تعمیر کیلئے 5کروڑ 73لاکھ جاری
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو کی دفتری مکانیت کی تعمیر کیلئے57.37 ملین روپے کا فنڈز جاری کر دیا گیا ہے۔کام الاٹ کرنے کیلئے مورخہ15 مارچ 2018 مقرر کر دی گئی ہے۔آزاد جموںوکشمیراحتساب بیورو کی دفتری مکانیت کیلئے سال2003 سے تحریک کی گئی تھی جس کی نسبت سال2004 میں4.5 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دیئے گئے تھے لیکن2005 کے ہولناک زلزلہ کے بعد نئے Buliding Codes جاری کر دیئے گئے جس کے باعث مختص رقم کا استعمال نہ کیا جا سکا۔اسطرح معاملہ التواء کا شکار رہا۔بعد ازاں سال 2015میں جب احتساب بیورو کی دفتری مکانیت کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا تواس سلسلہ میں متعلقہ فورم پر دوبارہ تحریک کی گئی ۔ ارسر نو بلڈنگ کا ڈیزائن تیار کرواتے ہوئے نیا تخمینہ لاگت لگایا گیا جو کہ24 کروڑ روپے تھا۔اس تخمینہ لاگت کو سال2017-18 کیADP کا حصہ بنانے کی محکمہ منصوبہ بندی نے منظوری دے دی۔اسطرح تخمینہ لاگت زیادہ ہونے کے باعث احتساب بیورو کی دفتری مکانیت کے پہلے فیز کیلئے57.4 ملین روپے کل مختص کئے گئے ۔پہلے فیز کی تعمیر کیلئے 18 ماہ کا وقت مقرر ہے جس کی تعمیر سے احتساب بیورو کی دفتری مکانیت کا دیرینہ مسلہ حل ہوجائے گا۔یاد رہے کہ اس وقت احتساب بیورو کے دفاتر دارالحکومت میں تین مختلف مقامات پر کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کارسرکار متاثر ہو رہا ہے جبکہ شاکیان کو بھی زحمت اُٹھانا پڑتی ہے۔احتساب بیورو کے دفاتر کی تعمیر تھوری چھتر کے مقام پر کی جائے گی جہاں پر جگہ لیز پر حاصل کی گئی تھی۔
