مظفرآباد،تاجروں کی گرفتاریوں کیخلاف شٹرڈائون روڈ بلاک

مظفرآباد(وقائع نگار)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انجمن تاجران کی کال پر ضلعی انتظامیہ تھانہ سٹی، میونسپل کارپوریشن کے خلاف عزیز چوک بنک روڈ سپر مارکیٹ لاری اڈہ کچہری روڈ نیلم پل مارکیٹ کے تمام تاجروں نے شٹر ڈائون کر کے گیلانی چوک میں ٹائیروں کو آگ لگا کر تمام تر ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔تاجروں نے معصوم بچوں اور چھ تاجروں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔تین گھنٹوں سے زائد سیکرٹریٹ روڈ بنک روڈ مکمل طور پر بند رہی لوگوں کا چلنا پھرنا محال ہو گیا۔انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان نوک چھونک اور عوامی نعرہ بازی جاری رہی۔پولیس کی بھاری نفری نے اے سی عاصم خالد اعوان کی سربراہی میں سڑک کھولی اور ٹریفک کو بحال کیا۔ڈی ایس پی سٹی ریاض مغل، ایس ایچ او سٹی شجاع گیلانی نے تاجروں سے مذاکرات کے بعد چھ تاجروں کو رہا کرنے کی یقین دہانی کروادی جس پر تاجروں نے چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ضلعی انتظامیہ میونسپل کارپوریشن ترقیاتی ادارہ مظفرآباد تاجروں کے مسائل کو یکسو کر کے آئے روز ہونے والی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔