نیلم جہلم پراجیکٹ کے 200سے زائد ملازمین فارغ کرنیکا فیصلہ

مظفرآباد(وقائع نگار)نیلم جہلم پراجیکٹ میں تعینات 200سے زائد ملازمین کو نو سال بعد فارغ کرنے کا فیصلہ، بیشتر ملازمین کی بالائی حد عمریں بھی زیادہ ہو گئیں۔واپڈا نیلم جہلم لیبر یونین نے ہڑتال کی کال دیدی۔صدر یونین شیخ محمد الطاف اور سیکرٹری جنرل محمد اشرف اعوان کے مطابق نیلم جہلم پراجیکٹ کے ملازمین کے ساتھ واپڈا کی جانب سے ناانصافی عروج پر ہے۔نو سال کے بعد ملازمین کو فارغ کیا جا رہا ہے اس اقدام کے خلاف پانچ مارچ کو دی جانے والی ہڑتال کی کال موخر کرنے کے باوجود واپڈا انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں،ہڑتال موخر کرنے کیلئے لیبر یونین اور مظاہرین سے میٹنگ کا ٹائم دیا گیا۔بعدازاں میٹینگ منسوخ کر دی گئی جس سے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے گزشتہ روز مرکزی دفتر میں واپڈا لیبر یونین کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں طے ہوا کہ ملازمین پندرہ مارچ کو بھرپور قوت کے ساتھ احتجاج کرینگے۔اور آئندہ کے لائحہ عمل سے کوئی ناخشگوار واقع رونماء ہوا تو ذمہ داری نیلم جہلم پراجیکٹ انتظامیہ اور واپڈا پر ہو گی۔بیشتر ملازمین کا تعلق پراجیکٹ متاثرہ ایریا سے ہے۔چیئرمین واپڈا نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ متاثرین کی پہلی ترجیح ہو گی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
