پارٹی ممبرشپ کیلئے آزادکشمیر بھر میں کیمپ لگائے جائینگے،لطیف اکبر

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے تمام 10 ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اہم اجلاس گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر پارٹی صدر چوہدری لطیف اکبر کے زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ممبر CEC سردار محمد یعقوب خان، جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز راٹھور، چیف آرگنائزر سردار غلام صادق، نائب صدر محمد مطلوب انقلابی، نائب صدر عبدالسلام بٹ، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، آرگنائزر مہاجرین پاکستان اظہر حسین گیلانی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار گل نواز خالق ایڈووکیٹ، چیئرمین پی ایس ایف سردار شکور صدیق، صدر پی پی ضلع حویلی شیخ محمد خورشید، صدر پی پی ضلع باغ سردار عبدالمجید ایڈووکیٹ، صدر پی پی ضلع بھمبر چوہدری ولید اشرف، صدر پی پی ضلع  پونچھ حافظ محمدصغیر خان، صدر پی پی ضلع سدھنوتی سردار رئیس انقلابی، صدر پی پی ضلع کوٹلی محمد پرویز اکبر ایڈووکیٹ، صدر پی پی ضلع  مظفر آباد سید بازل علی نقوی، جنرل سیکرٹری ضلع میرپور فرید انور ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری ضلع حویلی سید نذر حسین گیلانی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد محمد پرویز مغل ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ضلع پونچھ جاوید چوہدری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ضلع کوٹلی مقبول حسین گورسی ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزادکشمیربھر میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی رکنیت سازی (ممبر شپ) مہم کے آغاز اور اس طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مرکز کی ہدایات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے ضلعی صدور کی قیادت میں اور زیر انتظام رکنیت سازی (ممبر شپ) مہم کے لئے پورے آزادکشمیر میں کیمپ لگائے جائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا تکنیکی یونٹ اس حوالے سے ضلعی صدور کے متعلقہ ضلعی دفاتر سے قریبی تعاون کرے گا اور ضروری تکنیکی سہولیات فراہم کرے گا۔ اجلاس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ضلعی صدور کو جاری کردہ مراسلہ بھی اُن کے حوالے کیا گیا اور اُن خصوصی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنے کے حوالے سے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی اجلاس میں رکنیت سازی کو کامیاب بنانے اور عوام میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے تشہیر اور رابطوں کو مؤثر بنانے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی ہے۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مرحلہ وار تنظیمی ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ضلع نیلم، ضلع مظفرآباد، ضلع پونچھ، ضلع سدھنوتی اور ضلع ہٹیاں بالا کی تنظیمی ورکشاپس 24 مارچ بروز ہفتہ دن 10 بجے پارٹی آفس اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ دوسرے مرحلے پر دیگر  اضلاع کی تاریخوں کا اعلان 24 مارچ کے بعد کیا جائے گا۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہر ضلع، تحصیل اور حلقہ میں کیمپ لگائے جائیں گے اور پیپلز پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی ممبر شپ کے لئے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر بھرپور محنت کر کے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی کی رکنیت سازی میں شامل کر کے ایک ریکارڈ ممبر شپ کی جائے گی اور یہ ثابت کر ے گی کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر میں ایک مقبول فعال اور متحرک پارٹی ہے۔