مظفرآبادم، انٹراکشمیر ٹریڈرز کا کسٹم حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مظفرآباد( نمائندہ خصوصی)کشمیری تاجروں کو پاکستان کی منڈیوں تک رسائی نہ دینے جانے، مال کے بجائے ٹرکوں کی نیلامی، ایف بی آر  کی جانب سے کشمیری تاجروں کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف انٹرا کشمیر ٹریڈ یونین چکوٹھی اورکراس ایل او سی ٹریڈ یونین تتیری نوٹ کے زیراہتمام سنیٹرل  پریس کلب کے باہر آزادی چوک میں احتجاجی مظاہرہ ، معاشی قتل عام بند کرو ، معاشی پہیہ چلنے دو غریب کا چولہا جلنے دو ، کشمیری تاجر ہیں سمگلرنہیں ، کشمیری کی منڈی راولپنڈی ، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے کے فلک شگاف نعرے ، چیف آف آرمی سٹاف پاکستان سے انصاف فراہم کرنے کامطالبہ ، تفصیلات کے مطابق انٹرا کشمیر ٹریڈ یونین چکوٹھی اور کراس ایل او سی ٹریڈ یونین تیتری نوٹ کے زیراہتمام مظفرآبادمیں سنٹرل پریس کلب کے باہر آزادی چوک میں کشمیری تاجروں نے زبردست احتجاج کیا ۔احتجاجی مظاہرین کی قیادت بشارت نوری ، انجم زمان اعوان، سردار قضیم ، سردارمنور، حلال پیرزادہ ، خوشحال قذافی ، چوہدری وقار ، مبارک اعوان ، حامد رضا، سردار مظہر اقبال ، نذیر بٹ ، امجدلیاقت، وحید انور، اعجاز کیانی، چوہدری امیتاز، تنویر قریشی اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ناانصافیاں بند کر نے سے متعلق تحریریں درج تھیں۔کشمیریوں تاجروں  نے چیف آف آرمی سٹا ف پاکستان ، کورکمانڈر، جے اوسی مری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں تاجروں کو پاکستا ن کی منڈیوں تک رسائی فراہم کی جائے کشمیری تاجروں کی تذلیل بند کی جائے کشمیری تاجر ٹیکس  دینے کو تیار ہیں مال بردار ٹرکوں کی نیلامی سراسر ناانصافی ہے ۔چیف آف آرمی سٹاف پاکستان ایف بی آر کی جانب سے کشمیری تاجروں کے ساتھ نارواسلوک کانوٹس لیں کیوںکہ کشمیری تاجروں کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوتے ہی مختلف اداروں کے نارواسلوک سے ایل او سی  کے اس پار غلط تاثر جاتا ہے اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گے تو وزیراعظم سیکرٹریٹ کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتا ل سے گزیر نہیں کریں گے ۔