آزادکشمیرمیں آئینی ترامیم کیلئے تعاون کرینگے:مہتاب عباسی

اسلام آباد(وقائع نگار)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سینئر لیگی رہنما اور مشیر وزیراعظم پاکستان سردار مہتاب احمد خان عباسی کی ملاقات۔ دونوں رہنمائوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور لائن اف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی گئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، آزادکشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم ، اورآزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے گفتگو ہوئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو با اختیار بنانا پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے سابق وزیراعظم اور قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر حکومت کو با اختیار بنانے کا اصولی فیصلہ کر رکھا ہے ۔ ازاد کشمیر حکومت کا با اختیار ہونا پاکستان اور آزادکشمیر کے مفاد میں ہے ۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم پاکستان سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر کے عبوری آئین میں ترامیم اور آزادکشمیر حکومت کو با اختیار بنانے کے لیے آزادحکومت کے ساتھ غیر مشروط تعاون کیا جائے گا۔راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ازاد خطہ میں بے مثال ترقی ہو رہی ہے ، امید ہے ان کی قیادت میں ازادکشمیر ایک ترقی یافتہ علاقہ بنے گا۔