کامران اکملی کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور پلے آف میں پہنچ گیا

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے انتہائی اہم میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 173 رنز کا ہدف 12 گیندیں قبل ہی 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا گیا اور پہلے ہی اوور میں 19 رنز بنا ڈالے تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر رکی ویسلز کائلز ایبٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پشاور کو دوسرا نقصان ساتویں اوور میں 61 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب یاسر شاہ نے ڈیوائن اسمتھ کو 14 رنز پر بولڈ کیا۔
دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
محمد حفیظ 27 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے لیکن دوسری جانب کامران اکمل نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 59 گیندوں پر سنچری اسکور کی۔
کامران اکمل اس سنچری کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 5 ہزار رنز بنانے والے چوتھے پاکستان کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔
کامران اکمل نے نا صرف ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اسکور کی بلکہ وہ پی ایس ایل تیسرے ایڈیشن کے ٹاپ اسکورر بھی بن گئے ہیں۔
لاہور قلندرز کی اننگز
قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن قلندرز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور تیسرے اوور میں حسن علی نے 19 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کو سلو ڈلیوری پر بولڈ کر دیا، فخر نے 6 رنز کی اننگز کھیلی۔
قلندرز کے قائد میکلم بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 7 کے انفرادی اسکور پر سمین گل نے بولڈ کر دیا۔
دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ڈیو سچ اور سلمان آغا بہترین انداز سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھا رہے ہیں۔
ڈیوسچ نے 29 گیندوں پر شاندار ففٹی اسکور کی جبکہ آغا سلمان 95 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر لیام ڈاسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اننگز کے 15 ویں اوور میں حسن علی کی گیند پر سمین گل نے ڈیوسچ کا کیچ ڈراپ کیا لیکن اسی اوور میں حسن علی نے انہیں محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
ڈیوسچ نے 42 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
صدف گلریز اور سہیل اختر نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 172 رنز تک پہنچایا، دونوں نے بالترتیب 26 اور 30 رنز کی اننگز کھیلیں اور ناٹ آؤٹ رہے۔
آج ایونٹ کا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ کراچی کنگز کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔
پلے آف کے لئے اگر مگر
پلے آف مرحلے میں 4 ٹیمیں جگہ بنائیں گی جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں تاہم آج مزید 2 ٹیموں کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔
اگر پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی تو اس کی پلے آف کی سیٹ پکی ہو جائے گی اور کراچی کنگز کے لئے آج کھیلا جانے والا دوسرا میچ فیصلہ کن بن جائےگا۔
اگر لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی تو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز دونوں کو پلے آف کا ٹکٹ مل جائے گا اور پشاور زلمی ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
اگر کراچی کنگز آج اسلام آباد کو ہرانے میں کامیاب ہوگیا تو پلے آف میں جگہ بنا لے گا اور ہارنے کی صورت میں ملتان سلطانز سے رن ریٹ پر مقابلہ ہوگا۔
اگر پشاور زلمی اور کراچی کنگز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے تو ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جس نے اپنے تمام 10 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کیے۔
پشاور زلمی کی کامیابی کی صورت میں اسے پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کا ساتھ حاصل ہوگا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس بھی دس پوائنٹس ہیں، اس کنڈیشن میں دونوں ٹیموں کے درمیان رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کے پاس 8 اور کراچی کنگز کو 9 پوائنٹس حاصل ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور وہ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔
پلے آف میچز کی ترتیب
پلے آف میچز میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان دبئی میں مقابلہ ہوگا اور کامیاب ٹیم 25 مارچ کراچی میں فائنل کھیلے گی تاہم ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست ہے اور اس کا مقابلہ کس ٹیم سے ہوگا اس کا فیصلہ آج اسلام آباد اور کراچی کنگز کے میچ سے ہوجائے گا۔
دوسرا کوالیفائر میچ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری اور چوتھی پوزیشن پر موجود ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
جیتنے والی ٹیم پہلے کوالیفائر میں ہارنے والی ٹیم سے اپنا میچ کھیلے گی اور یہ میچ لاہور میں ہی ہوگا جس کے بعد کامیاب ٹیم فائنل 25 مارچ کو کھیلے گی۔
