راجہ سلیم انسانیت سے پیارکرنے والے انسان تھے،مولانا امتیاز

با غ (خورشید کیانی سے)ممبر اسلامی نظریاتی کونسل آزاد کشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی نے کہا ہے کہ صھافت کی دنیا میں راجہ سلیم کیانی مرحوم کا ایک بڑانام تھا مرحوم انسانیت سے پیار کرنے والے اور ملنسار انسان تھے ، اسی وجہ سے صرف باغ ہی نہیں بلکہ ریاست بھر سے صحافت اور مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ان سے بے لوث پیار کرتے تھے اور کرتے رہیں گے مرحوم کی صحافتی ، سماجی مذہبی اور سیاسی خدمات کو باغ کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے ، مرحوم کے خاندان نے ان کے مشن کی تکمیل کے لیے 12سال سے جس جذبہ اور لگن سے جد و جہد جاری رکھی ہے اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز ممتاز صحافی و سینٹرل یونین آف جرنلسٹ کے بانی ممبر راجہ سلیم کیانی مرحوم کی سالانہ برسی کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی ان کی رہائش گاہ ہمہ موڑہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت مولانا زبیر احمد نقشبندی نے کی ، تقریب سے صدر سی یو جے ظہیر الحسن ، سردار اشتیاق حسین، خورشید کیا نی ، ڈاکٹر نعیم طارق، راجہ خالد کیا نی ، تنویر گردیزی ، پروفیسر نصیر کیانی ، انعم سلیم کیانی ، فیاض عباسی ، پروفیسر سردار آصف ، راجہ امجد سلیم کیانی ، راجہ شائق کیانی ، شبیر کیانی ، شاہد چغتائی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ، نماز ظہر سے قبل قرآن خوانی کے بعد دعائیہ تقریب کی انعقاد مرحوم کی رہائش گاہ ہمہ موڑہ ، سیکوٹ راولی میں کیا گیا ، تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ سلیم کیانی مرحوم کا صحافت کے ساتھ گہرا لگائو تھا ، مرحوم نے عوام علاقہ کے حقوق کی بھر پور ترجمانی اپنے قلم کی طاقت سے کی ، مرحوم کا شمار آزاد کشمیر کے نامور صحافیوں میں کیا جاتا ہے ، مرحوم نے صحافت کے ساتھ ساتھ سیاسی و مذہبی میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا اسی وجہ سے ریاست بھر کے لوگ انہیں آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں آج ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا یہاں جمع ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ باغ کے لوگ بغیر کسی رنگ و نسل کے مرحوم کے کردار سے پیار کرتے ہیں ، مرحوم کے بیٹوں نے ان کے مشن کی تکمیل کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھیوں کی مشاورت سے مثالی کردار ادا کیا ہے ، مرحوم کے انتقال کے بعد صحافت اور سیاست کے میدان میں اس کمی کو پورا کرنے کے لیے مرحوم کے خاندان نے جاندار کردار ادا کیا ہے اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، تقریب کے آخر میں مرحوم کے فرزند راجہ امجد سلیم کیانی نے تمام شرکاء کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا ، تقریب میں وکلاء صحافیوں ، ٹرانسپورٹروں سمیت مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کثیر تعدا میں شرکت کی ، تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزاد ی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔
