وزیراعظم کی کاوشیں کامیاب آزادکشمیر کے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ2،دیہاتوں میں4گھنٹے مقرر

اسلام آباد (وقائع نگار)وزیر اعظم آزادکشمیر کی کوششیں رنگ لے آئیں،وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان کی وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کے تسلسل میں بڑی کامیابی،آزادکشمیر بھر کے شہری علاقوںمیں پیپکو نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دو گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چار گھنٹے مقرر کر دیا ۔ تمام پاور سپلائیرز کمپنیوں کو شیڈول پر مکمل علمدرآمد کی سختی سے ہدایت۔ آئندہ بقایا جات یا مالی لین دین سے متعلقہ امور کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ نہیں ہوگا۔ محکمہ برقیات آزادکشمیر اور پاور سپلائرز کمپنیوں کے درمیان رابطے کیلئے فوکل پرسن کا تقرر کر دیاگیا۔ اس حوالہ سے وفاقی وزیر توانائی کی ہدایت پر اسلام آبادمیں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان الیکٹرک سپلائرز کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو مصدق خان نے کی جبکہ اجلاس میں سیکرٹری برقیات آزادکشمیر عابد اعوان، ایم ڈی پیپکو ،چیف ایگزیکٹیوآئیسکیو، کیپکو،گیپکو،چیف انجینئر گرڈ آزاد کشمیر و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کے شہری علاقوںکے اندر لوڈ شیڈنگ کازیادہ سے زیادہ دورانیہ 2گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4گھنٹے ہوگا۔ یاد رہے کے اس سے پہلے دیہاتوں میں 8سے10گھنٹے اور شہروں میں 6سے 8گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ چیف ایگزیکٹیونے اس حوالہ سے تما م پاور سپلائیرز کمپنیوں کو باقاعدہ ہداجات جاری کیں کہ وہ سختی سے اس عملدرآمد کروائیں جبکہ مالی معاملات سے متعلقہ امور فنانس ڈویژن اور وزارت خزانہ سے پیپکو خود ڈیل کریگی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کے چیف انجینئر گرڈز اور متعلقہ کمپنیوں کے درمیان موثر رابطہ رکھا جائے اور چھوٹے موٹے مسائل باہمی رابطے سے ہی حل کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے وفاقی وزیر توانائی سے آزادکشمیر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے یکسو کرنے کا کہا تھا جس پر وفاقی وزیر توانائی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں آزادکشمیر محکمہ برقیات کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے تھے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آزادکشمیر کے اندرجاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے تمام پاور سپلائرز کمپنیوں اور محکمہ برقیات آزادکشمیر کا ایک مشترکہ اجلاس بلا کر اس کا مستقل حل تلاش کیا جائیگاجس پر یہ اجلاس منعقد ہوا اور مندرجہ بالا فیصلہ جات کیے گئے۔ اس حوالہ سے وزیر اعظم آزادکشمیر کو با ضابطہ طور پر آگاہ کر دیاگیا ہے ۔
