پی ایس ایل: پشاور، کراچی معرکے سے قبل بارش کے بعد گراؤنڈ خشک کرنے کا کام جاری

لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپرلیگ کا دوسرا ایلیمنیٹر میچ آج دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی موسم خوش گوار ہے اور بارش نے شہر کو جل تھل کردیا ہے۔

بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں پچ کو کور سے ڈھانپا گیا ہے اور اسٹیڈیم انتظامیہ بارش رکنے پر گراؤنڈ خشک کرنے کا کام کرے گی۔

ادھر شائقین کرکٹ بارش کی وجہ سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے بارش رکنے کی دعا کررہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

 

لاہور میں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ شہر کا درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے اور بارش بھی کچھ دیر کے لئے تھم چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوائیں چلیں گی جو بادل اڑا لے جائیں گی اور بادل آتے جاتے رہیں گے تاہم بارش بتدریج کم ہوتی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ میچ کےدوران بارش نہیں ہوگی البتہ رات 11 بجے کے بعد ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز میچ میں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوگئی اور آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔

پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان بڑا مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا اور دونوں ہی ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ 

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی مکمل طور پر فٹ نہیں جب کہ کراچی کنگز کو بھی اسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔ 

مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ آج کا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

کراچی کنگز کی مینجمنٹ نے شاہد آفریدی کی جگہ افتحار احمد کو لائن اپ کرلیا ہے جنہیں آج ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ 

کراچی کنگز کے کپتان این مورگن پاکستان نہیں آئے جس کی وجہ سے آج کے میچ میں قیادت کے فرائض فاسٹ بولر محمد عامر سرانجام دیں گے۔ 

یاد رہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے زخمی ہونے کے بعد انگلش کرکٹر این مورگن نے بلیو شرٹس کی قیادت کی تھی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی قیادت کے فرائض شعیب ملک، کمار سنگاکارا اور روی بوپارا بھی انجام دے چکے ہیں۔ 

پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور پشاور زلمی کو 10 پوائنٹس حاصل ہیں۔

بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کی صورت میں اسے محدود کردیا جائے گا اور اگر آج میچ نہ ہوسکا تو پشاور زلمی ایونٹ سے باہر اور کراچی کنگز اسلام آباد کے خلاف 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کھیلے گی۔

ٹریفک پلان:

قذافی اسٹیڈیم کے اطراف گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق کینال روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والی گاڑیاں پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں پارک ہوں گی۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل ٹاؤن اور اچھرہ سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ پر پارک ہونگی جب کہ کاہنہ، کوٹ لکھپت اور فیروز پور سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی میں پارک ہوں گی۔ 

ٹریفک پولیس کے مطابق والٹن روڈ،کیولری اور فردوس مارکیٹ سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ میں پارک ہوں گی جب کہ ڈیفنس، کینٹ اور گلبرگ سے آنے والی گاڑیاں ایل ڈی اے میں پارک ہوں گی۔