وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد تیار،72گھنٹے اہم

اسلام آباد(حسیب شبیر چوہدری)آزاد کشمیر کی سیاست میں آئندہ72گھنٹے اہم،کابینہ توسیع کا معاملہ پھر سے التواء کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آج کابینہ توسیع کے حوالہ سے پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں سیاست کا رخ بدلنے کا امکان ہے۔ مبینہ اطلاعات ہیں کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے خلاف عدم اعتماد کیلئے مختلف آپشنز زیر غور ہیں جبکہ ناراض اور اپوزیشن اراکین کی بڑی تعداد عدم اعتماد کے کسی بھی کامیاب آپشن پر حمایت کیلئے تیار ہیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی لہر کے باعث سیاسی ماحول کا رخ بدلنے کیلئے راجہ فاروق حیدر خان نے کابینہ میں توسیع کے حوالہ سے نیم رضا مندی کا اظہار کیا تھا مگر تاحال اس حوالہ سے واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے جس کے باعث کابینہ توسیع کا معاملہ پھر سے التواء کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔آج کابینہ توسیع کے حوالہ سے واضح پیش رفت سامنے نہ آنے کی صورت میں سیاسی منظر نامہ ایک نیا رخ اختیار کر سکتا ہے ۔مبینہ اطلاعات ہیں کہ کابینہ توسیع کے حوالہ سے پھر سے معاملات التواء کا شکار ہونے کی صورت میں فاروق حیدر سیاسی طور پر تنہا ہو جائیں گے جس کے بعد کابینہ توسیع کا آپشن بھی نئے سیاسی جوڑ توڑ کو روکنے میں معاون ثابت نہیں ہو سکے گا۔
