بلدیاتی ادارے28 اگست کو تحلیل،120 روز کے اندر نئے انتخابات ہوں گے
مانیٹرنگ ڈیسک
پشاور: خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی روز کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 28 اگست کو بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے 120 روز کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی بلدیاتی الیکشن کے لیے تیاری پکڑ لی ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ قبائلی علاقوں میں حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی علاقوں میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لیے انتخابات رمضان المبارک کے بعد کرائے جارہے ہیں جبکہ بلدیاتی الیکشن بھی کرائے جانے ہیں۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ 30 اپریل تک نئے بلدیاتی ایکٹ منظور کرالیں تاکہ 28 اگست کو بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے بعد 120 روز میں الیکشن کا انعقاد کیا جاسکے جو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
