پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنا عین ممکن ہے: امریکی اخبار

مانیٹرنگ ڈیسک
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنا عین ممکن ہے اور کشیدگی میں نسبتاً کمی مسئلے کا حل نہیں۔ نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں لکھا کہ سرحدوں پر دونوں ملکوں کی فوج تیار اور حکومتوں کے درمیان ڈائیلاگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اخبار لکھتا ہے 'جب تک پاکستان اور بھارت کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتے، خوف ناک صورت حال کا سامنا رہے گا۔ نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں لکھا کہ بھارت کا پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارنے کا دعویٰ مشکوک ہے، نریندر مودی پاکستان کے خلاف بات کر کے ہندو قوم پرستی کو ہوا دے رہے ہیں۔ اخبار نے لکھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو واپس کرنا خیرسگالی کے طور پر دیکھا گیا۔ اخبار نے اپنے اداریے میں امریکا پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان رابرٹ پلاڈینو کا ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دونوں ملکوں کے ساتھ خود سفارتی سطح پر رابطے کیے، بھارت اور پاکستان پر زور ڈالتے رہیں گے کہ کشیدگی ختم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھیں۔
