سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ2019ءمیں بھی جاری

اسلام آباد(صدیق فخر سے) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد واحد شخصیت ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ایم این اے نہ ہونے کے باوجود ان کی طرف سے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جا رہے ہیں اور ترقیاتی کاموں کا سلسلہ 2019ءکے آخر تک جاری رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے حکومت کے جاتے جاتے اٹک کے کئی علاقوں کو گیس فراہمی کے منصوبوں کے فنڈ کی رقم جمع کروا دی تھی جس کی وجہ سے اٹک میں ان منصوبوں پر کام جاری ہے اور کچھ منصوبوں پر آئندہ مہینوں میں کام شروع ہو جائے گا۔ شیخ آفتاب احمد ان منصوبوں کا افتتاح تو نہیں کر سکتے لیکن ان کے عوام سے کئے گئے وعدے ضرور وفا ہو جائیں گے اور ان علاقوں کو بھی گیس فراہم ہو جائے گی جن کے سروے ان کے دور حکومت میں مکمل ہو چکے تھے اور ان کے فنڈز انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جاری کروا دی تھی۔