سپریم کورٹ میں نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی

مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 19 مارچ کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔
سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ نوازشریف کی درخواست پر سماعت کرے گا جبکہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ بینچ کی سربراہی کریں گے۔
تین رکنی بینچ میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی بھی شامل ہوں گے۔
اس سے قبل 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی اور کہا تھا کہ نوازشریف کو علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہیں، یہ کیس غیر معمولی حالات کا نہیں بنتا، نوازشریف کے معاملے میں مخصوص حالات ثابت نہیں ہوئے، سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کے نتیجے میں ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
اس کے بعد نواز شریف نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
