نیوزی لینڈ مساجد پر دہشتگرد حملہ، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 49 ہو گئی 

مانیٹرنگ ڈیسک
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشتگرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے، واقعے کے وقت علاقے میں موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔ اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد پر مسلح دہشتگردوں نے حملہ کیا، جمعے کا دن ہونے کی وجہ سے مساجد میں معمول سے زیادہ لوگ موجود تھے۔ جن مساجد پر حملے کیے گئے ان میں سے ایک وسطی کرائسٹ چرچ میں واقع مسجد النور اور دوسری مسجد نواحی علاقے لِن ووڈ میں ہے۔ النور مسجد میں 41 اور لِن ووڈ مسجد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ مساجد میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 4 پاکستانی زخمی ہوئے ہیں جب کہ 5 تاحال لاپتہ ہیں۔