بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اشد ضروری ہے:مولانا محمد مسعود اختر
حضرو :بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اشد ضروری ہے اور موجودہ دور میں ہمیں اپنے بچوں کی عصری علوم کے ساتھ دینی تعلیم وتربیت کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے اور اقراء پبلک سکول کی حضرو اور نرتوپہ میں تعلیمی خدمات قابل ستائش ہیں ان خیالات کا اظہارمعروف سیاسی و سماجی راہنما اور ماہر تعلیم مولانا محمد مسعود اختر ضیاء نے اقراء پبلک سکول نرتوپہ کے سالانہ رزلٹ اور تقسیم انعامات کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں اقراء پبلک سکول کے بانی مولانا محمد ایوب مرحوم کی گرانقدر دینی و علمی خدمات ہیں اور یہ تعلیمی اداراے ان ہی خدمات کا تسلسل ہیں اور حضرو شہر اور نرتوپہ میں اس ادارے کی خدمات قابل فخر ہیں مولانا مسعود اختر ضیاء نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کی ضرورت و اہمیت روز روشن کی طرح عیاں ہے کیونکہ بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت سے ہی آنے والی نسل ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ عصری علوم کے ساتھ دینی تعلیم و تربیت بھی اشد ضروری ہے کیونکہ ہر شہری کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں کیونکہ اسلام میں تعلیم کی جتنی اہمیت ہے اس کا اندازہ پہلی وحی سے ہی لگایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ اقراء پبلک سکول کے طلباء و طالبات کی شاندار کارکردگی قابل ستائش ہے اس موقع پر انہوں نے ہر کلاس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس میں خصوصی انعامی شیلڈز تقسیم کیں سکول کے سالانہ پروگرام میں بچوں نے تلاوت حمد نعت مختلف ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے جبکہ والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اقراء پبلک سکول نرتوپہ میں پڑھنے والے اپنے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سکول انتظامیہ کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
