حسن ابدال: پیڑول پمپ ایسوسی ایشن کے تعاون سے شجر کاری مہم کا انعقاد
حسن ابدال : پیڑول پمپ ایسوسی ایشن کے تعاون سے شجر کاری مہم کے لیے تقریب کا انعقاد، ڈی سی او، اے ایس پی ، ایس سی اور ڈی ایف او محکمہ جنگلات کی شرکت۔ شرکاء نے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا، درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ڈی سی او عشرت اللہ نیازی۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ایبٹ آباد موڑ میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈی سی او اٹک عشرت اللہ نیازی تھے جبکہ تقریب میں اے ایس پی حسن ابدال اظہر خان ، اے سی جنت حسین نیکو کارہ، ڈی ایف او سید کامران کاظمی، محکمہ مال اور بلدیہ کے افسران کے علاوہ سکھ کمیونٹی ، کرسچن کمیونٹی اور دیگر افراد نے بڑی تعدا د میں شرکت کی اس موقع پرمختلف سکولوں سے آئی ہوئی بچیوں کی جانب سے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او اٹک عشرت اللہ نیازی نے کہا کہ شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے اس سے قبل شجر کاری مہم پر بھر پور توجہ نہیں دی جا سکی تاہم اب ملک بھر میں شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ضلع اٹک 36اضلاع میں سر فہرست ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے بلدیہ حسن ابدال اور اے سی حسن ابدال کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا شہر کے حوالے سے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ اس موقع پر ڈی سی او اٹک ، اے ایس پی حسن ابدال ، اے سی حسن ابدال اور فارسٹ آفیسر نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی حسن ابدال ، اے سی حسن ابدال ،ڈی ایف او اور دیگر کو شیلڈ جبکہ سکول کے بچوں کو بیج بھی لگائے گے جبکہ اس کے علاوہ سکول کے بچوں میں پودے بھی تقسیم کیے گئے ۔قبل ازیں ڈی پی او اٹک نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال کا بھی دورہ کیا۔
