مرکزی انجمن تاجران کے اندر جمہوریت کو مضبوط کیا جائے گا:چوہدری جمشید اختر
حسن ابدال:مرکزی انجمن تاجران کے انتخابات میں پانچ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہونا ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے جس پر تمام تاجر برادری کے شکر گزار ہیں،انتخابات میں ہمارے گروپ کے مقابلے میں کاغذات جمع کروانے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے اقدام سے نہ صرف انجمن تاجران میں جمہوری عمل مضبوط ہوگا بلکہ انجمن تاجران کے اندر اتحاد اور اتفاق میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران کے انتخابات میں صدارت کے امیدوار چوہدری جمشید اختر نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے خواہش اور کوشش رہی ہے مرکزی انجمن تاجران کے اندر جمہوریت کو مضبوط کیا جائے۔ ہمارے گروپ کی جانب سے نامزد پانچ امیدواروں پر تاجر برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے بلامقابلہ منتخب کیا اس پر ہم تمام تاجر برادری کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین امیدواروں کے مقابلے میں جن تاجروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں وہ بھی ہمارے لیے حوصلہ افزا عمل ہے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی ہماری خواہش اور کوشش کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ انتخابی عمل کے دوران تاجر برادری جمہوری روایات کو قائم رکھتے ہوئے تاجروں کے اتحاد کو کو مزید مضبوط کیا سکے اور تمام امیدواروں کی جانب سے مثبت سوچ کے تحت انتخابی عمل میں حصہ لیا جائے اور انتخابات میں جس امیدوار پر تاجر برادری اعتماد کا اظہار کرے اسے خوشدلی سے قبول کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران حسن ابدال کے اتحاد کو لازوال بنا دیا جائے۔
