Mon
18
May
2026

مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مذاکرات سے متعلق پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی مصالحت کے لیے نیک نیتی سے تعاون جاری رکھیں گے۔ اس سے قبل وزارت خارجہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں امریکی وفد کی قیادت زلمے خلیل زاد اور پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی۔
